نگران وزیر اعلیٰ کی ترجیحات اور درپیش چیلنجز

نگران وزیر اعلیٰ کی ترجیحات اور درپیش چیلنجز

عقیل یوسفزئی

صوبہ خیبر پختون خوا کے نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے گزشتہ روز متعلقہ حکام سے صوبے کی سیکیورٹی صورتحال، مالی مشکلات اور دیگر معاملات پر تفصیلی بریفنگ لیکر اس عزم کا اظہار کیا کہ امن و امان کی بحالی اور صوبے کو اقتصادی مسائل سے نکالنا ان کی ترجیحات میں سرفہرست ہیں اور وہ جلد اس سلسلے میں وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے.
وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ جن شخصیات کے پاس سیکورٹی کے نام پر پولیس اہلکار تعینات ہیں ان کا جائزہ لیکر غیر ضروری طور پر دیے گئے اہلکاروں کو فوراً واپس بلایا جائے.
اس موقع پر ان کو کہا گیا کہ اہم سیاسی، حکومتی اور کاروباری شخصیات کے پاس تقریباً 4000 پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں جن میں وہ سینکڑوں اہلکار بھی شامل ہیں جو کہ عمران خان کی سیکیورٹی پر بنی گالہ اور زمان پارک لاہور میں تعینات ہیں. وزیر اعلیٰ نے ان کی واپسی کا بھی حکم دیا.
انہوں نے سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے اور پولیس کی ضروریات پوری کرنے کے احکامات بھی جاری کئے اور واضح کیا کہ امن و امان کی بحالی پر غیر معمولی توجہ دی جائے گی.
نگران حکومت کے قیام کے بعد صوبے کی سیاسی کشیدگی میں کافی کمی واقع ہوئی ہے اور بیوروکریٹس نے بھی سکھ کا سانس لیا ہے کیونکہ عمران خان ماضی میں کے پی حکومت کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے جس طریقے سے استعمال کررہے تھے اس نے نہ صرف صوبے کو کشیدگی اور بد انتظامی میں دھکیلا بلکہ بیوروکریٹس بھی پریشانی اور عدم تحفظ کا شکار رہے. بدترین قسم کی بدانتظامی دیکھنے کو ملتی رہی جبکہ سابق حکومت جہاں کرپشن میں ملوث رہی وہاں سیکورٹی کے معاملات سے لاتعلق رہ کر محمود خان نے صوبے کو حملہ آوروں کی رحم و کرم پر چھوڑ دیا تھا جس کے نتیجے میں بقول انسپکٹر جنرل پولیس گزشتہ سال پختون خوا کو تقریباً 4000 حملوں کا سامنا کرنا پڑا.
اسی طرح سابق حکومت نے شہباز شریف کی زیر قیادت وفاقی حکومت کے ساتھ غیر ضروری تصادم لیکر فنڈز کی فراہمی کے معاملے کو پیچیدہ بناکر صوبے کو اقتصادی مسائل سے دوچار کیا جس کے نتائج صوبائی اداروں کے علاوہ عام شہریوں کو بھگتنے پڑے.
یہ بات خوش آئند ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ کو ان ایشوز کا ادراک ہے. ان کو فوری طور پر دو کام کرنے چاہئیں. ایک تو یہ کہ اپیکس کمیٹی کا اجلاس بلاکر کور کمانڈر پشاور اور گورنر کے ساتھ ملکر سیکورٹی کی جامع پالیسی اور حکمت عملی تیار کرنا اور دوسرا وزیراعظم اور دیگر سے مل کر صوبے کی معاشی مشکلات کے حل کا راستہ نکالنا.
امید کی جاسکتی ہے کہ صوبے کے مجموعی معاملات کافی بہتر ہوسکیں گے اور عوام سکھ کا سانس لیکر عدم تحفظ کی موجودہ صورتحال سے نکال پائیں گے.

وزیراعظم ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام : قومی،صوبائی ہاکی لیگز شیڈول کا اعلان

پشاور: وزیراعظم ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے سلسلے میں قومی اور صوبائی ہاکی لیگز کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے اس سلسلے میں ٹیلنٹ ہنٹ سپورٹس ڈرائیور کے پراجیکٹ منیجر عدنان سعید نے باقاعدہ طور پر شیڈول جاری کیا ہے۔

وزیراعظم ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت شروع ہونیوالی ہاکی لیگ کے شیڈول کے حوالے سے کے پی میں پروگرام کے کوآرڈی نیٹر اور ڈائریکٹر سپورٹس پشاور یونیورسٹی بحرکرم نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں چھبیس اور ستائیس جنوری کو کیمپ ہوگا جبکہ اٹھائیس جنوری سے دو فروری تک لیگ کے میچ ہوں گے یہ مقابلے نواز غوث بخش رئیسانی ہاکی گراؤنڈ‘ایوب سٹیڈیم کوئٹہ میں ہوں گے‘ سندھ میں مرد و خواتین کے مقابلے بھی اٹھائیس سے دو فروری تک اصلاح الدین اکیڈمی کراچی میں ہورہے ہیں۔

آئی سی ٹی‘گلگت‘اے جے کے کے مینز و ویمنز مقابلوں کے شیڈول کے مطابق پانچ فروری کو ٹیمیں نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم اسلام آباد اور شہناز شیخ ہاکی سٹیڈیم راولپنڈی پہنچیں گی‘چھ اورسات فروری کو کیمپ لگے گا جبکہ میچ آٹھ سے بارہ فروری تک ہوں گے‘خیبرپختونخوا کے مینز و ویمنز مقابلوں کے شیڈول کے مطابق چھ فروری کو ٹیمیں آسٹروٹرف ہاکی گراؤنڈ اسلامیہ کالج پشاور پہنچیں گی‘ سات اور آٹھ فروری کو کیمپ لگائے جائیں گے جبکہ میچ نو سے تیرہ فروری تک ہوں گے پنجاب کے مینزو ویمنز ہاکی مقابلوں کے لئے ٹیمیں نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور اٹھارہ فروری کو پہنچیں گی‘کیمپ انیس اور بیس فروری کو لگے گا جبکہ میچ اکیس سے پچیس فروری تک ہوں گے۔

اس کے بعد بہترین اور ونر ٹیموں کے درمیان نیشنل ہاکی لیگ اسلام آباد یا کراچی میں ہوں گی ٹیموں کی آمد کی تاریخ یکم مارچ مقرر کی گئی ہے‘منیجرز میٹنگ دو مارچ کو ہوگی‘ٹریننگ کیمپ تین مارچ جبکہ نیشنل ہاکی لیگ کے میچ چھ سے سولہ مارچ تک منعقد ہوں گے‘کوآرڈی نیٹر بحرکرم نے بتایا کہ مقابلوں کے لئے پشاور میں ابھی سے تیاریاں کی جارہی ہیں‘کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی امید کی جارہی ہے کہ کے پی کی ٹیمیں اچھی پرفارمنس دیں گی اور نیشنل ہاکی لیگ میں بھی توقعات پر پورا اتریں گی۔

پہلی خیبرپختونخوا بیڈمنٹن لیگ 27 جنوری سے منعقد ہو گی

پشاور: پہلی خیبرپختونخوا بیڈمنٹن لیگ 27 جنوری سے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگی جس میں صوبے کی چھ بہترین ٹیمیں مد مقابل ہونگے،جس میں انٹر نیشنل کھلاڑی مراد علی اور قاری عدنان سمیت نیشنل جونیئر اور سینئرز کھلاڑی شرکت کررہے ہیں، ان خیلات کا اظہار ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے سینئر کوچزو آرگنائزر ندیم خان اور حیات اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا.

انہوں نے کہا کہ یہ لیگ ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا اور صوبائی بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے تعاون سے پہلی مرتبہ منعقد ہورہا ہے جس میں خیبرپختونخوا کی چھ ٹیمیں جن میں پشاور فالکن، بنوں گرین، دی رائل، کے پی پولیس، فیوچر چیمپئنز کے پی، جے جے سپورٹس پشاور کی ٹیمیں شامل ہیں بیڈمنٹن لیگ30 جنوری تک جاری رہیگی۔ انہوں نے کہا کہ اس لیگ کا مقصد فروری میں منعقد نیشنل جونیئر وسینئر چیمئن شپ کیلئے کھلاڑیوں کی تیاری ہے جس میں جونیئرز کو سینئر ز کھلاڑیوں سے بہت کوچ سیکھنے کو ملے گا.

انہوں نے کہا اس لیگ کے کامیاب انعقاد کے بعد بہت جلد پاکستان بیڈمنٹن لیگ کا بھی انعقاد کیاجائیگا۔ انہوں نے اس لیگ کے انعقاد میں ڈائریکٹرجنرل سپورٹس خیبرپختونخوا خالد خان کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس لیگ کے انعقاد میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔ امید ہے کہ کھلاڑیوں اور شائقین بیڈمنٹن کو بہترین میچز دیکھنے کو ملیں گے۔ اس لیگ میں نیشنل چیمپئن مراد علی، ساؤتھ ایشین چیمپئن قاری عدنان، نیشنل جونیئر کھلاڑی محمد زید، انڈر 19 کے عمر جہانگیر، انڈر15کے چیمپئن فہد احمد، انڈر 13 چیمپئن نجم ثاقب، انڈر16 چیمپئن تیمورخان کے علاوہ شعیب ریاض، عبداللہ لطیف، ذوہیب خان خلیل، طاہر خان، عزیر خان، حمزہ خان، افنان خان سمیت کئی جونیئر اور سینئر کھلاڑی شامل ہیں۔

The Election Commission has given the date of elections on February 11

الیکشن کمیشن کا خیبر پختونخوا میں عام انتخابات15 -17 اپریل کروانے کا نوٹیفکیشن جاری

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا میں صوبائی عام انتخابات 15 اپریل سے 17 اپریل 2023 کے درمیان کرانے اور ‏پنجاب میں عام انتخابات 9 اپریل سے 13 اپریل کے درمیان کروانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن نے پختونخوا اورپنجاب میں الگ الگ تاریخوں پر انتخابات کرانے کی تجویز دی تھی۔

الیکشن کمیشن کا پنجاب اور کے پی گورنرز کو انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کے لیے خط جس میں عام انتخاب کے لیے مجوزہ پولنگ ڈے کے حوالے سے تجویز دی ہے۔ خط کے متن کے مطابق الیکشن کمیشن نے دونوں صوبوں میں الگ الگ دن انتخابات کرانے کی تجویز۔

صوبوں میں عام انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کا اختیار گورنر کے پاس ہے۔خط کے متن مے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابی اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ اس حوالے سے ‏ الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت سے 14 ارب روپے اضافی مانگے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے پہلے وفاقی حکومت کو خط لکھ کر 47 ارب روپےاخراجات کا تخمینہ ‏بھیجا تھا۔ الگ الگ دن عام انتخابات کرانے سے تقریبا 14 ارب روپے اضافی خرچ ہوں گے

‏ الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لئے 61 ارب 80 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا ہے۔ الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت سے فوری 20 ارب روپے جاری کرنے کی درخواست کر ‏دی۔

1541cc38-e70e-4a24-a8e3-44ca6e1d78ef

ضلع مہمند میں شجر کاری مہم کا آغاز

 مہمند : ضلع مہمند میں باقاعدہ طور پر سپرنگ سیزن موسم بہار میں شجر کاری مہم کا افتتاح کیا گیا جس میں مہمان خصوصی لوئر مہمند ناظم اعلیٰ ملک نوید احمد ڈویجنل ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر ارسلان طارق رینجر آفیسر عطاء اللہ نے لوگوں میں مختلف قسم کے پودے مفت تقسیم کئیے۔

فارسٹ آفیسر ارسلان طارق نے کہا اس سال ضلع مہمند کے مختلف علاقوں میں سترہ لاکھ اٹھائیس ہزار پودے مفت لکائے جائیں گے۔ طارق ارسلان نے کہا کہ اج سے باقاعدہ طور پر سپرنگ سیزن کا آغاز کردیا ہے اوریہ سلسلہ مارچ تک جاری رہے گا۔

انہوںنے کہا کہ غیر قانونی طریقے سے جنگلات کی کٹائی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرینگے کیونکہ اب قبائلی علاقوں میں بھی دوسرے اضلاع کی طرح تمام قانون لاگو کردئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کٹائی  کے لیئے قانونی پرمٹ جاری کیا جائے گا ۔