Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Thursday, April 25, 2024

 ضم شدہ اضلاع میں ترقی و خوشحالی کا سفر

تحریر: حسن ساجد

خیبر پختونخواہ کے قبائلی علاقوں میں بسنے والی عوام ایک عرصہ تک بدامنی اور مشکلات سے بھرے دور سے نبرد آزما رہی لیکن پاسبانان وطن، قبائلی عوام اور ریاست کی لازوال قربانیوں اور انتھک کاوشوں کی بدولت ان علاقوں میں اب قیام امن کا خواب بالآخر شرمندہ تعبیر ہو کر عوام کو سکون کے لمحات نصیب ہوئے۔ قیام امن کے بعد قبائلی علاقوں میں ترقی و خوشحالی کو یقینی بنانے اور عوام کی محرومیاں دور کرنے کے لیے حکومت پاکستان نے 2018 میں آئین کی 25ویں ترمیم کے تحت ان تمام قبائلی ایجنسیز کو صوبہ خیبر پختونخواہ میں ضم کرکے اضلاع کا درجہ دے دیا۔

فاٹا انضمام کے بعد حکومت پاکستان ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز کے تعاون سے ان علاقوں کی ترقی و خوشحالی پر خاص توجہ دے رہی ہے۔ تمام میسر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے قبائلی اضلاع میں معیاری تعلیمی اداروں کے قیام، بہترین اور تمام تر جدید سہولیات سے مزین ہسپتالوں، مراکز صحت اور ڈسپنسریوں کے قیام، بہترین اورکشادہ سڑکوں کی تعمیر، ڈیمز کی تعمیر، صنعتی اور زرعی مراکز کے قیام اور مواصلاتی نظام میں بہتری سمیت کئی بڑے منصوبوں کو مکمل جا رہا ہے جس کی بدولت عوام الناس کا معیار زندگی بہتر ہو رہا ہے اور ضم شدہ قبائلی اضلاع میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔

حکومت پاکستان نے سیکیورٹی فورسز، صوبائی محکموں اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے سال 2015 سے سال 2020 تک تقریبا” 20984 ملین روپے کی خطیر رقم سے قبائلی اضلاع میں کل 2614 ترقیاتی منصوبوں پر کام مکمل کیا۔

قبائلی اضلاع میں بسنے والی عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے ضلع کرم میں 2379 ملین روپے کی لاگت سے 317 ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جاچکے ہیں اور ضلع اورکزئی میں 1922ملین روپے کی لاگت سے 149 ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جاچکا ہے۔ اسی طرح ضلع جنوبی وزیرستان میں 4670 ملین روپے کی لاگت سے کل 965 ترقیاتی منصوبے مکمل ہوچکے ہیں جبکہ ضلع شمالی وزیرستان میں 6117 ملین روپے کی لاگت سے عوامی فلاح و بہبود کے 609 منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچے۔ قبائلی ضلع مہمند میں عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے 1444 ملین روپے کی لاگت سے 99 منصوبوں پر کام مکمل کیا گیا، ضلع خیبر میں 2065 ملین روپے کی لاگت سے 160 ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا گیا جبکہ 1365 ملین روپے کی لاگت سے ضلع باجوڑ میں 135 منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا۔

حکومت پاکستان اور تمام معاون اداروں کی جانب سے قبائلی علاقوں کے ایف آرز میں 1018 ملین روپے کی لاگت سے 180 ترقیاتی منصوبوں پر کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ تمام قبائلی علاقوں میں ان جدید منصوبوں کا مقصد ان علاقوں کی عوام کی ترقی و خوشحالی ہے۔ ترقی و خوشحالی کے اس سفر میں مزید بہتری آ رہی ہے اور ریاستی ادارے قبائلی عوام کے مسائل کے حل اور انہیں سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں وہ وقت دور نہیں جب ضم شدہ قبائلی اضلاع کا شمار پاکستان کےخوشحال اور ترقی یافتہ علاقوں میں ہوگا۔
خدا کرے کہ میری ارض پاک پر اترے
وہ فصل گل جسے اندیشہ زوال نہ ہو

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket