Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Friday, March 29, 2024

کور کمانڈر کا دورہ سوات

کور کمانڈر کا دورہ سوات

عقیل یوسفزئی

پشاور کے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے گزشتہ روز سوات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے علاقے کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مشران سے ملاقات کرکے ان کو یقین دلایا کہ ریاست عوام کے تحفظ اور امن قائم رکھنے کے لیے ہر درکار قدم اٹھائے گی اور کسی کو بدامنی کی اجازت نہیں دی جائے گی.
اس موقع پر بونیر، مردان، مالاکنڈ اور دیگر نواحی علاقوں کے عمائدین اور مشران بھی موجود تھے.
کور کمانڈر کا یہ دورہ اس لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل تھا کہ سوات میں گزشتہ کچھ عرصے سے حکومت اور اس کے حامیوں کے علاوہ عام لوگوں پر بھی حملے کئے گئے جس کے باعث عوام اور سیاسی حلقوں میں کافی بے چینی پھیلی ہوئی ہے. کور کمانڈر نے اپنے خطاب میں مالاکنڈ ڈویژن کے عوام کے اس کردار کی تعریف کی جو انہوں نے سوات آپریشن کے دوران ادا کیا اور امن کے لئے ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کی.
انہوں نے کہا کہ یہاں کے عوام نے امن کے قیام کے لئے فورسز اور حکومت کا ساتھ دیکر نہ صرف یہ کہ دھشت گردی کا مقابلہ کیا بلکہ علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے بھی اپنا مثبت کردار ادا کیا جس کا ہر سطح پر اعتراف کیا گیا.
انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرزِ عمل کے باعث جہاں آپریشن کامیاب ہوا اور اختیارات ریکارڈ وقت میں سول اداروں کو منتقل کئے گئے وہاں علاقے میں تعمیر و ترقی، سیاحت اور دوسری مثبت سرگرمیوں کا آغاز بھی ممکن ہوسکا اور یہ سب عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھا.
کور کمانڈر نے واضح کیا کہ امن کے لئے جو اجتماعی قربانیاں دی گئی ہیں ان کو کسی قیمت پر رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور علاقے کے عوام کو ہر قیمت پر پرامن ماحول فراہم کرکے ان کا تحفظ کیا جائے گا جو کہ ریاست کی ذمہ داری ہے.
اس موقع پر مشران نے امن اور تعمیر و ترقی کے لئے کور کمانڈر پشاور کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اپنی تجاویز پیش کیں.

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket